’’ اخلاقی حمایت پر شکریہ‘‘ایرانی سفیر کی اسحاق ڈار سے ملاقات
مذاکرات،سفارتکاری مسائل کے حل،امن کے حصول کا راستہ ہے :وزیر خارجہ اسحق ڈار،آذربائیجان کے وزیر خارجہ کا ٹیلیفون پر رابطہ ،خطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (دنیا نیوز،این این آئی)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایرانی سفیر رضا امیری نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے سفیر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی ، انہوں نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی جانب سے بھرپور اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اسحاق ڈار نے تنازع میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار اور امید ظاہر کی یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کا واحد قابل عمل راستہ ہے ۔دریں اثنا اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیحون بایراموف نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ اور ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اورباہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر گفتگو کی۔