قومی ٹی ٹونٹی کپ ،کراچی وائٹس نے فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا
سیالکوٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9وکٹوں پر 165 رنز سکور کیے ،حسن نواز نے 43، ارحم نے 40 رنز بنائے کراچی وائٹس نے جارحانہ آغاز کیا اور ہدف 15ویں اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کر لیا،عبداللہ شفیع نے 88 رنز کی اننگز کھیلی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے سیالکوٹ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔پشاور میں جاری میچ میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کیے ۔ سیالکوٹ کی جانب سے حسن نواز نے 43، خواجہ ارحم نے 40 جبکہ علی افضل نے 26 رنز بنائے ۔ اسامہ میر نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔کراچی وائٹس کی جانب سے باؤلنگ میں محمد اصغر نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ، ثاقب خان اور دانش عزیز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹس نے جارحانہ آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کراچی وائٹس کی جیت میں عبداللہ شفیع نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کلیدی کردار ادا کیا جبکہ سعود شکیل نے 46 رنز بنائے ۔ سیالکوٹ کی جانب سے باؤلنگ میں اسامہ میر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمزہ نظر اور صفیان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دسویں روز ایبٹ آباد اور سیالکوٹ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا ۔ پہلے میچ میں ایبٹ آباد نے لاہور بلوز کو یک طرفہ مقابلے میں آٹھ وکٹوں سے شکست دی ، لاہور بلوز کی ٹیم 14 اعشاریہ تین اوورز میں 86 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،ایبٹ آباد کی جانب سے پلیئر آف دی میچ شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔ دوسرے میچ میں سیالکوٹ نے ملتان ریجن کو سات وکٹوں سے مات دی، ملتان نے 163 رنز بنائے ۔