آبنائے ہرمز :فرانس،پولینڈ کا بھی فوجیں بھیجنے سے انکار

آبنائے ہرمز :فرانس،پولینڈ کا بھی فوجیں بھیجنے سے انکار

کسی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لینگے :فرانسیسی صدر، وزیراعظم پولینڈ اس قدر کامیابی ملی کہ نیٹو ممالک کی مدد کی خواہش ہی نہیں رہی:امریکی صدر

پیرس،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے فرانس،پولینڈ نے بھی فوجیں بھیجنے سے انکارکردیا، امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا فرانس کبھی بھی آبنائے ہرمز کو کھولنے کیلئے کسی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لے گا،انہوں نے امریکی صدر کے ان بیانات کی تردید کی جن میں کہا گیا تھا کہ پیرس مدد کرنے پر آمادہ ہے ۔ پولینڈبھی ایران جنگ میں حصہ لینے کیلئے فوجی دستے نہیں بھیجے گا ، وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے کہا اس فیصلے کا اطلاق پولینڈ کی بری ، فضائی اور بحری افواج سب پر ہوتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اکثر نیٹو اتحادی ممالک کی طرف سے امریکا کو کہا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں حصہ لینا نہیں چاہتے ۔ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا چونکہ ہمیں اس قدر عسکری کامیابی ملی ہے ، ہمیں نیٹو ممالک کی مدد کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہمیں اس کی خواہش ہے ۔ ہمیں کبھی ان کی ضرورت نہیں تھی۔ٹرمپ نے اس پیغام میں جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا بھی ذکر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں اتحادی ممالک کے اقدام سے ‘حیرت نہیں ہوئی’۔ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہیں ‘کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔’

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں