متحدہ عرب امارات کا فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان
ابوظہبی(اے پی پی)متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علاقائی سکیورٹی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملکی فضائی حدود کو عارضی طور پر مکمل بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدام پروازوں اور فضائی عملے کی حفاظت اور متحدہ عرب امارات کی سرزمین کے تحفظ کے لیے ایک غیرمعمولی احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے ۔اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی اور آپریشنل خطرات کا جامع جائزہ لینے کے بعد متعلقہ قومی اور بین الاقوامی حکام کے مکمل تعاون سے کیا گیا ہے ۔ اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ فضائی حدود کی حفاظت اور متحدہ عرب امارات کی خودمختاری کا تحفظ اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔