اسٹاک ایکسچینج:ایک ہفتے میں انڈیکس 1949پوائنٹس بڑھ گیا

اسٹاک ایکسچینج:ایک ہفتے میں انڈیکس 1949پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج کیلئے گزشتہ کاروباری ہفتہ تاریخ میں نہایت اہمیت اختیار کر گیا جہاں سرمایہ کاروں کے جوش، معیشت پر بحال ہوتا اعتماد اور مستقبل کی مالیاتی پالیسیوں کی امید نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس نے دو بڑے تاریخی ریکارڈ قائم کیے ،100انڈیکس نے ایک موقع پر 122281 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو پہلی بار چھوا جو اب تک کی سب سے زیادہ ٹریڈنگ سطح ہے ،اس کے ساتھ تاریخی بندش کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا جہاں انڈیکس پہلی بار 121798 پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1.63 فیصد اضافے کے ساتھ 1,21,641 پوائنٹس پر بند ہوا ،ہفتے بھر 100 انڈیکس میںپوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ گزشتہ کاروباری ہفتے2 ارب 64 کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا جس کی مجموعی مالیت 111 ارب  سے تجاوز کر گئی۔ واضح رہے کہ یہ تجارتی حجم مارکیٹ میں مستحکم سرمایہ کاری رجحان کی غمازی کرتا ہے ۔ دوسری جانب اس ریکارڈ تیزی کا اثر مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت پر بھی نظر آیا جس کے سبب مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 255 ارب کا اضافہ دیکھا گیاجس کے بعد یہ مالیت 14,729 ارب روپے تک جا پہنچی جو نہ صرف ایک نفسیاتی حد عبور کرنا ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی دلیل بھی ہے ۔ ہفتے بھر اسٹاک سرمایہ کاروں نے سیمنٹ ، بینکنگ ، آئل اینڈ گیس ، ٹیکنالوجی کے بلو چپ سیکٹرز کو فوکس کئے رکھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں