وفاقی چیمبر کا کاروبار مخالف ٹیکس اقدامات واپس لینے کا مطالبہ

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام نے کی صنعتی اور تاجر برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت پارلیمنٹ سے فنانس بل کی منظوری سے قبل اس میں شامل سخت اور کاروبار مخالف ٹیکس اقدامات کو واپس لے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی استحکام کے پیش نظر، ملک کو ایک کاروبار دوست، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے والا اور معاشی ترقی پر مبنی مالیاتی پالیسی فریم ورک کی ضرورت ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس ہدف کا حصول صرف اسی صورت ممکن ہے کہ جب صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کو مشاورت کے عمل میں شامل کیا جائے ، تاہم انہوں نے اپنے اس افسوس کا اظہار کیا کہ بجٹ میں وہ اقدامات شامل نہیں ہیں کہ جو کاروباری برادری کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناسکیں ۔صدرفیڈریشن نے کہا کہ ٹیکس حکام کو دیے گئے وسیع اختیارات بز نس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچائینگے اور ان ضرورت سے زیادہ اختیارات کی وجہ سے ہراسانی اور بدانتظامی کو فروغ ملے گا۔