ایران، اسرائیل تنازع سے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری متاثر

ایران، اسرائیل تنازع سے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری متاثر

کراچی(بزنس رپورٹر)ایران اور اسرائیل تنازع نے ایشیائی اسٹاک ایکسچینج سمیت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی شدید متاثر کیا۔۔۔

 کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک ٹریڈنگ کا آغاز و اختتام شدید مندی سے ہوا ۔100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز 1444 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 22 ہزار 649 پوائنٹس کی سطح سے ہوا۔ عالمی کشیدگی کے سبب دن بھر اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری دباؤ کا شکار رہی جس کے سبب ایک موقع پر 100 انڈیکس دونفسیاتی حدیں 1 لاکھ 23 ہزار اور 1 لاکھ 22 ہزار سے گر کر 1 لاکھ 21 ہزار 604 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دوسری جانب دن بھر بلو چپ کمپنیوں کے تمام سیکٹرز مسلسل ریڈ زون میں ٹریڈ ہوتے رہے جس کی وجہ سے 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا اختتام 1949 پوائنٹس کی گراوٹ سے 1لاکھ 22ہزار 143 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا ۔گزشتہ روز 96 کروڑ 83لاکھ 46 ہزار 528 مالیت شیئرز کا کاروباری حجم 29ارب 55 کروڑ 89 لاکھ 19 ہزار 115 روپے ریکارڈ کیا گیا ۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14ہزار951 ارب روپے سے کم ہوکر 14 ہزار 747 ارب روپے ہوگئی یعنی اسٹاک سرمایہ کاروں کے منافع میں 204 ارب روپے کی کمی ہو گئی۔مجموعی طور پر469 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے 130کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 304 میں کمی اور 35میں استحکام رہا ۔ماہرین کے مطابق اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے ایشیائی خطے میں سرمایہ کاری کا رجحان شدید متاثر ہورہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں