اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ بھر مندی، 2120 پوائنٹس کی کمی

 اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ بھر مندی، 2120 پوائنٹس کی کمی

کراچی(بزنس رپورٹر)ایران اور اسرائیل کے د رمیان جاری کشیدہ صورتحال نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی کی فضا پیدا کر دی، جس کے براہِ راست اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی دیکھے گئے۔

سرمایہ کاروں نے بڑھتے ہوئے جغرافیائی خطرات کے پیش نظر محتاط رویہ اپنایا، جس کے باعث مارکیٹ میں مسلسل مندی کا رجحان رہا۔کاروباری ہفتے کے دوران بینچ مارک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 2,120 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 1.71 فیصد کمی کے ساتھ 120,023 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 122,903 جبکہ کم ترین سطح 119,770 رہی۔اس دوران مارکیٹ میں 117.81 ارب روپے مالیت کے 4.10 ارب شیئرز کا کاروبار ہوا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سرمایہ کار موجود تو رہے، لیکن غیر یقینی حالات اور منفی خبروں کے باعث ان کے فیصلوں میں احتیاط غالب رہی۔گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 211 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد PSX کی مجموعی مارکیٹ ویلیو گھٹ کر 14,536 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے تنازعے نے بین الاقوامی سرمایہ کاری پر منفی اثر ڈالا ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی اور مقامی سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ مارکیٹ کے کمزور رجحان کی بنیادی وجوہات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں