ٹیکس اضافہ مسترد،گڈز ٹرانسپورٹرز کا کاروبار بند کرنیکا اعلان

ٹیکس اضافہ مسترد،گڈز ٹرانسپورٹرز کا کاروبار بند کرنیکا اعلان

کراچی(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ہنگامی نیوز کانفرنس میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے وفاقی بجٹ 2025-26ء میں ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کیلئے کاروبار بند کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے فیڈریشن ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کو 4 فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کر دیا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ ملکی مجموعی پیداوارمیں 12 فیصد حصہ رکھتا ہے اور پہلے ہی بحران سے دوچار ہے ایسے میں مزید بوجھ ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر مجموعی طور پر پہلے ہی 35 سے 40 فیصد تک مختلف ٹیکسز ادا کر رہا ہے اور مزید بوجھ اس شعبے کی بقا کیلئے خطرہ بن جائے گا۔چیئرمین فریٹ آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان، رانا عاصم شکور نے کہا کہ اگر حکومت نے اضافی ود ہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا تو گڈز ٹرانسپورٹرز مجبوراً ملک بھر میں غیر معینہ مدت کیلئے کاروبار بند کر دیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ کی منظوری کی صورت میں کاروبار بند کرنے کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان کار کیریئرز ایسوسی ایشن امداد حسین نقوی نے لوڈنگ چیکنگ سسٹم کی خامیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی سے یومیہ 10 ہزار گاڑیاں لوڈ ہوتی ہیں لیکن صرف 1400 گاڑیوں کی چیکنگ ہو پاتی ہے جو ایک ناقص نظام کی نشاندہی کرتا ہے ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ لوڈنگ کو چیک کرنے کا کوئی مؤثر اور شفاف میکانزم موجود نہیں ہے اس موقع پر رانا عاصم شکور نے مزید بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں ساڑھے تین لاکھ گڈز ٹرانسپورٹ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں اور اگر ان تمام گاڑیوں کی سروس معطل ہوئی تو قومی معیشت اور سپلائی چین شدید متاثر ہو گی۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک میں اوور لوڈنگ کا 80 فیصد مسئلہ حل ہو چکا ہے اور ٹرانسپورٹرز کی اکثریت قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کر رہی ہے ، اس کے باوجود ٹیکس بوجھ میں اضافہ ناانصافی ہے ۔ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیش کردہ بجٹ اگر قومی اسمبلی سے من و عن منظور ہوجائے گا تو کاروبار غیر معینہ مدت بند کرنے کا واحد آپشن ہے جس پر فوری عمل کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں