چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ سے پی ایف ایم اے وفد کی ملاقات

لاہور(بزنس ڈیسک)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے چیف ایگزیکٹو فیض احمد نے لاہور میں ٹڈاپ کے دفتر میں پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) کے وفد سے ملاقات کی۔
ملاقات کا مقصد پاکستان کے جوتا سازی کے برآمدی شعبے کو درپیش اہم مسائل اور مواقع پر بات چیت کرنا تھا۔پی ایف ایم اے کے وفد میں پاکستان کے سب سے بڑے فٹ ویئر برآمد کنندہ اور سروس گلوبل فٹ ویئر کے سی ای او حسن جاوید اور پی ایف ایم اے کے سینئر نائب چیئرمین عابد حفیظ شامل تھے ۔ وفد نے پاکستانی فٹ ویئر صنعت سے متعلق مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے پر چیف ایگزیکٹو کا شکریہ ادا کیا۔وفد نے اس شعبے کی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو اجاگر کیا، خاص طور پر اس تناظر میں کہ چین اپنی فٹ ویئر صنعت کو خطے میں منتقل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ وفد نے زور دیا کہ پاکستان کو اس سرمایہ کاری کی منتقلی کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خود کو ایک علاقائی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر پیش کیا جا سکے۔ چیف ایگزیکٹو کی توجہ چند اہم مسائل کی جانب مبذول کروائی گئی۔ فیض احمد کی اس شعبے کے مسائل پر گہری سمجھ بوجھ اور مستقبل بینی پر مبنی نقطہ نظر کو سراہا۔ چیف ایگزیکٹو نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ٹڈاپ جوتا سازی کی صنعت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔