برآمدات بڑھانا نئی صنعتی پالیسی کے اہداف میں شامل
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان کی نئی صنعتی پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی جس کا مقصد زوال پذیر صنعتی شعبے کو سہارا دینا، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دینااور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔
معاشی تجزیہ کار عتیق الرحمان کے مطابق نئی صنعتی پالیسی کے کلیدی اہداف میں درآمدی متبادل صنعت کی ترقی، بیمار صنعتوں کی بحالی، ایس ایم ایز کو آسان اور بہتر مالیاتی سہولیات کی فراہمی اور برآمدی صلاحیت میں اضافہ شامل ہیں۔عتیق الرحمان کے مطابق صنعتی زوال کی بنیادی وجوہات میں مہنگی پیداواری لاگت، توانائی بحران،غیر یقینی پالیسی فریم ورک اور ریگولیٹری پیچیدگیاں شامل ہیں ۔پالیسی کے مقاصد میں برآمدات کیلئے ٹیکس سہولت، ریگولیٹری اصلاحات، انفرااسٹرکچر سپورٹ اور کم شرح سود پر قرضوں کی دستیابی شامل ہے۔ توقع ہے کہ حکومت نئی صنعتی پالیسی کے تحت کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرے گی اور تمام متعلقہ ادارے اس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔