اسٹاک ایکسچینج : کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام، مارکیٹ سرمایہ بڑھ گیا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پرملا جلا رجحان رہا،تاہم اختتامی دنوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث مارکیٹ نے مثبت اختتام کیا۔
اختتام پر بینچ مارک 100 انڈیکس میں 609 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 139207 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس نے ایک بار پھر140202 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کی،جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت معاشی اشاریوں کا عکاس ہے ۔اسٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 3 ارب 17 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ مجموعی کاروباری مالیت 145 ارب روپے تک جاپہنچی ۔ دوسری جانب مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ، جو ایک ہفتے کے دوران 171ارب روپے اضافے کے ساتھ 16ہزار 668 ارب روپے پر پہنچ گئی ۔اسٹاک مارکیٹ میں سرگرمی کا بنیادی سبب شرح سود میں ممکنہ کمی، روپے کی قدر میں استحکام اور بیرونی سرمایہ کاری کی توقعات کو قرار دیا جا رہا ہے ۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بینکنگ، سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس اور آٹو سیکٹرز میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا جس سے مارکیٹ کو تقویت ملی۔