کیپٹل مارکیٹ کو پائیدار مالیاتی ذریعہ بنانیکی ضرورت، اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے لیے کیپٹل مارکیٹ کو ایک متبادل اور پائیدار مالیاتی ذریعہ بنانے کی ضرورت ہے۔
سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے 33 ویں رابطہ کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ اس طریقہ کار سے بینک نجی شعبے کی مالی معاونت پر زیادہ توجہ دے سکیں گے، جو معاشی ترقی کے لیے مددگار ہوگا۔ انہوں نے مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا اور اصلاحات میں مشترکہ تعاون کے لیے اسٹیٹ بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے چیئرمین عاکف سعید نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ کو مضبوط بنانے میں بینکوں کا اہم کردار ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ اگر بینک سرمایہ مارکیٹ کے اداروں سے قریبی رابطہ اور تعاون کریں تو وہ دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا کر مارکیٹ اور معیشت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔اجلاس میں اہم باتوں میں کیپٹل مارکیٹ میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا شامل کرنا، ریگولیٹری مقصد کے لیے کریڈٹ معلومات تک آسان رسائی اور پرانے کریڈٹ ڈیٹا کے مسائل کا حل شامل تھا۔