اسٹاک ایکسچینج :زبردست تیزی، انڈیکس558پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج کیلئے کاروباری ہفتے کا چوتھادن بھی ریکارڈ ساز رہا۔گزشتہ کئی روز کی طرح جمعرا ت کو بھی100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔
ایک موقع پر پی ایس ایکس 100 انڈیکس ایک لاکھ 46 ہزار 81 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیا جو اس کی اب تک کی بلند ترین سطح ہے ۔ماہرین کے مطابق پاک امریکاتجارت اور فنانس ایکٹ میں بزنس کمیونٹی کو ملنے والا ریلیف پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو پلس سے سرپلس اور ریکارڈ پلس کرگیا ہے جبکہ سرکلر ڈیٹ کی ملنے والی رقوم سے اسٹاک ایکسچینج نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس558 پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 45 ہزار 647 پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس45پوائنٹس کے اضافے سے 44758پوائنٹس اور آل شیئرزانڈیکس273پوائنٹس کے اضافے سے 89906پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز بازار میں 71 کروڑ شیئرز کے سودے 55 ارب روپے میں طے ہوئے ۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 221کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 235 کمپنیوں کی شیئرز کی قیمتیں گرگئیں ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 2 ہزار 51 پوائنٹس کے اضافے سے1 لاکھ 45 ہزار 88 پوائنٹس پر بند ہوا۔