چین کو پاکستانی کاٹن یارن کی برآمدات میں 19فیصد کمی
بیجنگ (این این آئی)رواں سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان نے چین کو 203.29 ملین ڈالر مالیت کا کاٹن یارن برآمد کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 251.51 ملین ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے ۔
یہ اعداد و شمار چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (GACC) نے جاری کیے ۔اعداد و شمار کے مطابق جنوری تا جون 2025 میں کموڈیٹی کوڈ 52051200 کے تحت بغیر صاف سنگل کاٹن یارن کی برآمدات 112 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے 144.85 ملین ڈالر سے کم ہیں۔ اس دوران اس کی اوسط قیمت 2.40 ڈالر فی کلوگرام رہی جبکہ 46.48 ملین کلوگرام یارن چین کو بھیجا گیا۔ اس زمرے میں ویتنام 340.69 ملین ڈالر کے ساتھ پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر رہا۔اسی طرح کموڈیٹی کوڈ 52051100 کے تحت کاٹن یارن کی برآمدات 90 ملین ڈالر ریکارڈ ہوئیں، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 102.96 ملین ڈالر تھیں۔