شمسی توانائی اب انتخاب نہیں، معاشی بحالی کاراستہ ،مشتاق سومرو

شمسی توانائی اب انتخاب نہیں، معاشی بحالی کاراستہ ،مشتاق سومرو

کراچی(بزنس رپورٹر)صوبائی سیکریٹری توانائی ڈپارٹمنٹ مشتاق احمد سومرو نے فیکٹ ایکزیبیشنز لمیٹڈ کے زیر اہتمام خطے کی سب سے بڑی شمسی توانائی کی نمائش سولر پاکستان 2025 کا خصوصی دورہ کیا۔

نمائش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی اب کوئی آپشن نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی بحالی اور توانائی کے تحفظ کا واحد راستہ ہے ۔ان کا مزید کہناتھاکہ سولر پاکستان ،پاکستان کو عالمی مہارت، جدید ٹیکنالوجیز اور سرمایہ کاری سے جوڑنے والا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے جو متبادل توانائی کے سفر کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ پائیدار ترقی کو فروغ دینے ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مہنگے ایندھن پر انحصار کم کرنے والے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے ۔مشتاق احمد سومرو نے مقامی کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ شمسی توانائی کی بے پناہ صلاحیت سے فائدہ اٹھا کر ایک روشن اور توانائی کے تحفظ سے بھرپور مستقبل کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری اس نمائش میں 10 ممالک کی 250 سے زائد نمایاں کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، جو اعلیٰ کارکردگی والے سولر پینلز، اسمارٹ انرجی اسٹوریج سسٹمز، جدید گرڈ سسٹمز اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز پیش کر رہی ہیں۔نمائش میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، پالیسی سازوں اور صنعت کے رہنماؤں کی بھرپور شرکت جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں