اپٹما کا سوئی سدرن کو خط، صنعتی گیس کے غلط استعمال پر تشویش

اپٹما کا سوئی سدرن کو خط، صنعتی گیس کے غلط استعمال پر تشویش

کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے قائم مقام ایم ڈی کو خط لکھ کر صنعتی گیس کے نرخ اور کیپٹو پاور پلانٹس کے ریٹس کے فرق سے پیدا ہونے والے مالی خسارے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق صنعتی گیس کا فی یونٹ ریٹ 2,100 روپے ہے، جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے یہی ریٹ 3,500 روپے فی یونٹ کے ساتھ گرڈ لیوی بھی شامل ہے۔ اس فرق کے باعث متعدد صنعتکار سستی صنعتی گیس کو غیر قانونی طور پر اپنے کیپٹو پاور پلانٹس میں استعمال کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف سوئی سدرن گیس کمپنی کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ بجلی کے اخراجات بھی غیر قانونی طریقے سے کم کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین اپٹما نوید احمد نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے صنعتی گیس کی قیمتوں کے دو الگ میکانزم نافذ ہیں، جس کے باعث گیس کے درست استعمال میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں اور کمپنی کی مالی پوزیشن متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سستی گیس کے غلط استعمال کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ نہ صرف کمپنی کے نقصانات کم ہوں بلکہ صنعتوں میں شفافیت بھی برقرار رکھی جا سکے ۔واضح رہے کہ اپٹما کی جانب سے یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا ہے جب صنعتی شعبے کو بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں