ساف انڈر 20چیمپئن شپ کاٹائٹل بنگلہ دیش نے جیت لیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش نے ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
مالدیپ کے شہر مال میں کھیلے گئے ساف انڈر 20 چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں بنگلہ دیش نے بھارت کو سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جہاں بنگلہ دیش نے 3-4 سے کامیابی حاصل کی۔بنگلہ دیش نے اس فتح کے ساتھ دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ چار مرتبہ کا چیمپئن بھارت دفاع میں ناکام ہو گیا۔پنالٹی شوٹ آؤٹ میں رشیکانتا لیشریم کی پہلی کوشش بنگلادیش کے گول کیپر اسماعیل حسین مہین نے روک لی جبکہ اومانگ ڈوڈم کی آخری کک کراس بار سے اوپر چلی گئی۔بھارت کی جانب سے ایم ڈی ارباش، سیمسن اہونگشنگبم اور وشال یادیو نے گول سکور کیے مگر یہ کافی ثابت نہ ہوسکے ۔یوں بنگلہ دیش نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ٹائٹل جیت لیا۔