پی ایس ایل:اسلام آباد ہاتھوں راولپنڈیز کو شکست
سمیر منہاس کی 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز ،اسلام آباد نے 157 رنز کا ہدف3وکٹوں کے نقصان پر 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا راولپنڈیز کے کامران غلام 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ڈی این فوریسٹر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ،سمیر منہاس مین آف دی میچ قرار پائے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے راولپنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، تاہم موسم بہتر ہوتے ہی میچ کا آغاز ہوگیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف صرف 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اورمین آف دی میچ قرار پائے ، جبکہ حیدر علی نے 26 اور مارک چیپ مین نے 24 رنز بنائے ۔اس سے قبل راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز سکور کیے ۔ کامران غلام 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ، جبکہ ڈی این فوریسٹر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف، رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں ٹاس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہاکہ آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث سپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملتی اور ایسی صورتحال میں ہدف کا تعاقب کرنا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے ، حالیہ بارشوں کے باوجود گراؤنڈ کو کھیل کے قابل بنانے پر گراؤنڈ سٹاف قابلِ تعریف ہے اور وہ پی ایس ایل کے اصل ہیروز ہیں۔ سلمان مرزا اور اینڈریو گاؤس آج کے میچ میں شرکت نہیں کر رہے ۔دوسری جانب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم اور شائقین کی توقعات ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں، تاہم امید ہے کہ ٹیم جلد کامیابی کی راہ پر واپس آئے گی۔ نسیم شاہ کی جگہ جلاد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔