راولپنڈی پی ایس اے سکواش ٹورنامنٹ طیب اسلم کے نام
انس شاہ بخاری کوشکست، میچ کا سکور 8-11، 5-11، 13-11 اور 5-11 رہا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر )طیب اسلم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا راولپنڈی پی ایس اے (PSA) سیٹلائٹ 2026 انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ مجاہد انور سکواش اکیڈمی، لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے ایک ہزار ڈالر انعامی رقم والے اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں طیب اسلم کا مقابلہ سید انس علی شاہ بخاری سے ہوا،طیب اسلم نے آغاز ہی سے حریف کھلاڑی پر دبا برقرار رکھا اور چار سیٹس کے دلچسپ مقابلے کے بعد 1-3 سے کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ کا سکور 8-11، 5-11، 13-11 اور 5-11 رہا۔ یہ ایونٹ راولپنڈی زونل سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان سکواش فیڈریشن کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا، جس کا مقصد مقامی سطح پر بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کا فروغ ہے ۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر یاسر اکبر نیازی (سی ای او جی اے کے ہیلتھ کئیر انٹرنیشنل و اسلام آباد میڈیکل و ڈینٹل کالج)تھے ۔ انہوں نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔ اس موقع پر راولپنڈی زونل سکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری چوہدری نعیم انور، خزانچی غضنفر علی شاہ، محمد ہمایوں، ذیشان احمد، ملک نوید، آصف خان اور سجاد گل بھی موجود تھے ۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر یاسر اکبر نیازی نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور نوجوان کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس سے پاکستان میں سکواش کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔