زندگی اور پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کا ڈیجیٹل اسکالرشپ ادائیگی کیلئے اشتراک
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)جے ایس بینک کے زیر انتظام نگرانی کام کرنے والے ادارے زندگی (Zindigi) نے پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈکے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں تاکہ اسکالرشپ فنڈ کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا سکے۔۔۔
یہ معاہدہ ٹیکنالوجی اور اختراع کے ذریعے مالی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب اہم سنگ میل ہے ۔یہ اقدام پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈکے اُس بنیادی مشن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد پورے پاکستان میں ایسے باصلاحیت اورمستحق طلباء کو وظائف کی فراہمی ہے جنہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مالی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس شراکت کے ذریعے اسکالرشپ فنڈز مستفید ہونے والے طلبہ کو ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کیے جائیں گے ، جس سے شفافیت، مؤثرہونے اور ملک بھر کے ہزاروں طلبہ کے لیے آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زندگی کے چیف بزنس آفیسرعاطف اسحاق نے کہا کہ تعلیم قومی ترقی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے ۔ یہ شراکت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دے گی کہ مالی معاونت مستحق طلبہ تک باآسانی پہنچے تاکہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کر سکیں اور ایک کامیاب مستقبل کی تیاری کریں۔پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر،سیدہ حاجرہ سہیل نے اس تعاون کو سراہا اور تعلیم و مالیات کے نظام کو مضبوط بنانے میں اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔