معاشی سرگرمی کیلئے پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے ،وفاقی چیمبر
آبپاشی کے نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور
کراچی (بزنس رپورٹر )وفاقی چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پائیدار معاشی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزارتِ آبی وسائل کی جانب سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں زرعی، صنعتی، توانائی اور شہری شعبوں میں بڑھتی ہوئی ضروریات کے تناظر میں پاکستان کو درپیش آبی چیلنجز سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پانی کی سلامتی پاکستان کی معاشی استحکام کی بنیاد ہے ۔ کاروباری برادری حکومت کے ساتھ شراکت داری کیلئے تیار ہے۔انہوں نے موجودہ آبی وسائل کے بہتر استعمال، نقصانات میں کمی، طلب کے مؤثر انتظام اور صوبوں کے درمیان منصفانہ تقسیم پر زور دیا تاکہ، معاشی سرگرمیوں کیلئے طویل المدتی پانی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔عاطف اکرام شیخ نے ڈیموں، ذخائر، نہروں اور آبپاشی کے نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری میں تیزی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔