الجزائر کی تاجر وں کو سرمایہ کاری کی دعوت، مراعات کی پیشکش
سرمایہ کاروں کو زمین، بجلی، انٹرنیٹ کنکٹوٹی مفت دستیاب ہے ، براہیم رومانی
کراچی(بزنس ڈیسک)عوامی جمہوریہ الجزائر کے سفیر براہیم رومانی نے کراچی کے تاجروں کو الجزائر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے جہاں نئے سرمایہ کاروں کیلئے متعدد مراعات دستیاب ہیں ۔ الجزائر افریقا کا گیٹ وے ہے یہاں دسمبر میں ایک صنعتی نمائش کا انعقاد کیا جارہاہے جس میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔سفیر نے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الجزائر میں سرمایہ کاری کے مواقع اور نئے سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
جس میں ویزا پراسیسنگ کی برق رفتار سہولت بھی شامل ہے ۔سفیر نے سائٹ کے صنعتکاروں کو بتایا کہ الجزائر کی خاص بات طویل مدتی سرمایہ کاری پالیسی ہے خاص طور پر نئے سرمایہ کاروں کو زمین، بجلی، انٹرنیٹ کنکٹوٹی جیسی مفت مراعات فراہم کی جاتی ہیں۔قبل ازیں صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری احمد عظیم علوی نے سفیر الجزائرکا خیرمقدم کیا اور قومی معیشت اور برآمدات میں سائٹ ایریا کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالی۔