پٹرولیم فروخت میں ماہانہ5،سالانہ10فیصد کمی
نومبر کے دوران فروخت 14،اکتوبر میں 14.96لاکھ ٹن ریکارڈ 5ماہ میں مجموعی فروخت 1فیصد اضافے کے بعد68لاکھ ٹن تک رہی
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت سے متعلق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے نومبر 2025 کی تازہ ترین رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پٹرولیم ڈیمانڈ میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر قابلِ ذکر کمی ریکارڈ کی گئی ۔ آئل ایڈوائزری کونسل کے مطابق معاشی سست روی، توانائی بچت کے اقدامات اور صنعتی سرگرمیوں میں کمی فروخت پر اثرانداز ہوئی ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نومبر2025میں مجموعی پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ماہانہ 5 فیصد اور سالانہ 10 فیصد کمی کے بعد14 لاکھ میٹرک ٹن رہی ، اسکے علاوہ اکتوبر 2025 میں یہی فروخت 14 لاکھ 96 ہزار ٹن جبکہ نومبر 2024 میں 15 لاکھ 76 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
رواں مالی سال کے 5 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 1 فیصد اضافے کے بعد68 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی جسے معاشی ماہرین جزوی طور پر گاڑیوں کے استعمال اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی موسمی طلب سے وابستہ قرار دے رہے ہیں ۔دوسری جانب مختلف پٹرولیم مصنوعات کی کارکردگی میں واضح کمی ظاہر ہوئی ،پٹرول کی نومبر 2025 میں فروخت سالانہ 9 فیصد کمی کے بعد 6 لاکھ 8 ہزار ٹن رہی،اسی طرح صنعتی و زرعی شعبوں میں نسبتاً سست سرگرمیوں کے سبب ڈیزل کی فروخت بھی سالانہ 13 فیصد کمی سے 6 لاکھ 83 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی ، اسکے علاوہ بجلی گھروں کی کم مانگ اور متبادل ذرائع کے استعمال کے باعث فرنس آئل کی فروخت میں32 فیصد کمی دیکھی گئی جسکے بعد اسکی کھپت صرف 25 ہزار ٹن رہی ۔