ای ڈی ایس کا خاتمہ ایکسپورٹرز کیلئے بڑا ریلیف ،وفاقی چیمبر
ایکسپورٹرز اخراجات کم ،عالمی مسابقت میں بہتری آئے گی، ثاقب فیاض
کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی چیمبر نے حکومت کی جانب سے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برآمد کنندگان کیلئے ایک بڑا ریلیف قرار دیا ہے ۔ وفاقی چیمبر کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ایکسپورٹرز کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ عالمی مسابقت میں بھی بہتری آئے گی ۔سینئر نائب صدر ثاقب فیاض نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت نے فیڈریشن کی تجویز پر بروقت عمل کرکے برآمدی شعبے کو مضبوط سہارا فراہم کیا۔
ای ڈی ایس کے خاتمے کے باوجود ایکسپورٹرز کیلئے سہولتوں میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔ ثاقب فیاض مگوں نے بتایا کہ حکومت کے پاس اس وقت ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ میں تقریباً 40 ارب روپے موجود ہیں جو برآمدی فروغ کیلئے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس بھاری رقم کو بینکنگ انوسٹمنٹ کے منافع سے ایکسپورٹرز کو سپورٹ کرنے کیلئے استعمال کرے تاکہ شعبے کی ضروریات مؤثر طریقے سے پوری کی جاسکیں۔