برآمدات میں اضافے کیلئے کوششیں جاری، کارپٹ مینو فیکچررز
حکومت پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کرے ،چیئرمین میاں عتیق الرحمن بینکنگ نظام میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،نجی بینک کے وفد سے گفتگو
لاہور(این این آئی)چیئرمین کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر زایسوسی ایشن میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی ہدایت پر نجی بینکوں کے افسران نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے باضابطہ ملاقاتیں شروع کر دیں ، نا مساعد حالات کے باوجود برآمدات میں اضافے کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں ،حکومت عالمی منڈیوں میں مسابقت کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کرے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسٹیٹ بینک کی ہدایت پر پی سی ایم ای اے کا دورے کرنے والے نجی بینک کے افسران سے ملاقات کے بعد جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے فیصلوں اورقوانین میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہی کے لئے برآمد کنندگان سے رابطوں کو فروغ دیاجائے گا تاکہ مستقبل میں کسی طرح کے مسائل پیدا نہ ہوں ۔علاوہ ازیں میاں عتیق الرحمن اور ریاض احمد نے کہا کہ بینکنگ نظام میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،ہم اسٹیٹ بینک کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس ملاقات کا اہتمام کیا جس سے مسائل کو سمجھنے میں مدد ملی ۔انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت شدید مشکلات سے دوچار ہے ،حکومت سے اپیل ہے کہ اس میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے ۔