اسٹیٹ بینک شرح سود سنگل ڈیجٹ تک لائے ، انجمن تاجران
سرمایہ کاروبارمیں لگنے سے ہی معیشت میں تحرک پیدا ہوگا ،انجمن تاجران
لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لے کر آئے ، پاکستان میں پالیسی ریٹ آج بھی خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی زیادہ ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اپنے دعوؤں کے باوجود پالیسی ریٹ کی شرح کو اس کے اصل مقام پر نہیں لایا گیا ۔ پالیسی ریٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے مقامی سرمایہ بینکوں میں رہتا ہے جس کی وجہ سے مقامی کاروبار کے لئے مطلوبہ سرمایہ دستیاب نہیں ہوتا ۔بینکوں میں پڑا ہوا سرمایہ مختلف کاروبارمیں لگنے سے ہی معیشت میں تحرک پیدا ہوگااور اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے پاس اب بھی پالیسی ریٹ میں خاطر خواہ کمی کرنے کی گنجائش موجود ہے اور امید ہے کہ رواں ماہ ہونے والے اجلاس میں اس میں خاطر خواہ کمی کی جائے گی اور اسے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے گا۔