اسٹاک ایکسچینج : انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار کی تاریخی سطح سے واپس
معمولی پرافٹ ٹیکنگ، 4 پوائنٹس کی کمی سے 100 انڈیکس 169451 پر بند کاروباری حجم 15.38فیصد زائد،1ارب 19کروڑ سے زائد حصص کے سودے طے
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا کی ریکوڈک منصوبے میں اربوں ڈالر کی فنانسنگ، آئی ایم ایف سے ملنے والی رقم، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ، ترسیلات زر میں بہتری ، امن و امان کی بہتر صورتحال اور سیاسی معرکہ آرائی کا خاتمہ اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے تیسرے روز نئی بلندی پر پہنچا گیا ۔بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز 1 لاکھ 69 ہزار کی حد سے ہوا ،سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے سے انڈیکس تیزی سے تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 70 ہزار کا ہندسہ عبور کرگیا۔
سرمایہ کاروں نے دن بھر آئل اینڈ گیس، فرٹیلائزر، فارما ، کیمیکل ، کیبل، بینکنگ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کا رجحان دیکھا گیا۔بعدازاں دوران ٹریڈنگ محدود و معمولی پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 217پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 4.52 پوائنٹس کی کمی سے 169451پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 81پوائنٹس کی کمی سے 51460.65پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 516 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ اسکے برعکس آل شیئرز انڈیکس 76.22 پوائنٹس کے اضافے سے 102554 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 15.38 فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 1ارب 19کروڑ 5لاکھ 34 ہزار 879 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 478 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا ۔