اسٹاک ایکسچینج:مندی، 60فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان،294پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 170447 پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)پرافٹ ٹیکنگ اور کمپنیوں کی ایڈجسٹمنٹس کے باعث اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی کا شکار ہوگئی۔ مندی کے سبب 60.16فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جب کہ سرمایہ کاروں کے 35ارب 72کروڑ 38لاکھ 96ہزار 100روپے منافع میں کم ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو شرح سود میں نصف فیصد کمی ، ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی اور مثبت مالیاتی اعدادوشمار کی وجہ سے کاروبار کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 1181 پوائنٹس کے اضافے سے ہنڈریڈ انڈیکس پہلی بار 1لاکھ 71ہزار 922 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ،بعدازاں آئل اینڈ گیس سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ سے مارکیٹ ریڈ زون میں داخل ہوگئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 294 پوائنٹس کی کمی سے 170447پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 100پوائنٹس کی کمی سے 51831 پوائنٹس اورآل شیئر زانڈیکس 193 پوائنٹس کی کمی سے 102982 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 30فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 1ارب 17کروڑ 66لاکھ 37ہزار 847 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 182کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 161 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،290 میں کمی اور 31 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔