جرمنی سے ترسیلات زر میں 9.7فیصد اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد(اے پی پی)جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 9.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران جرمنی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 313.2ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.7فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جرمنی سے ترسیلات زر کا حجم 285.4ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔نومبرمیں جرمنی سے ترسیلا ت زر کا حجم 60.5ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو اکتوبرمیں 62.5ملین ڈالر اور گزشتہ سال نومبر میں 52.9ملین ڈالر تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زر کاحجم 16.14 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14.76ارب ڈالرکے مقابلے میں 9.3فیصد زیادہ ہے۔