بارشوں کو پائیدارترقی کیلئے استعمال کیا جائے ،سیف الرحمان
پالیسی ساز ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ حکمت عملی اختیار کریں، گفتگو
لاہور(اے پی پی)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ مون سون کی شدید بارشوں کو ہر سال محض تباہی اور جانی نقصان کا سبب سمجھنے کے بجائے بجلی کی پیداوار اور پائیدار ترقی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے ۔ اتوار کو یہاں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الرحمان نے کہا کہ پاکستان پانی کی قلت کا شکار ملک ہے ،جو ہر سال اربوں گیلن بارش کا پانی ضائع ہونے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ اس ضمن میں طویل المدتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ حکمت عملی اختیار کریں،کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید موسمی واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ، اگر مون سون کے چیلنجز کو درست منصوبہ بندی کے تحت معاشی مواقع میں بدلا جائے تو نہ صرف قیمتی جانوں و املاک کا تحفظ ممکن ہے بلکہ ترقی کی رفتار تیز اور آئندہ نسلوں کے لیے پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔