سونا6200روپے مزید مہنگا چاندی بھی اوپر

سونا6200روپے مزید مہنگا  چاندی بھی اوپر

کراچی (بزنس ڈیسک)انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر بڑھ گئی ،ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔۔۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر3پیسے کی کمی سے 280.22 روپے کا ہوگیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 6 پیسے کے اضافے سے 280.25 روپے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 62 ڈالر کے بڑے اضافے سے 4400 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر جاپہنچا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں بڑے اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 6 ہزار 200 روپے کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 لاکھ 62 ہزار 362 روپے پر جاپہنچا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 5 ہزار 315 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 96 ہزار 400 روپے ہوگئی۔یاد رہے کہ ہفتے کو سونے کی فی تولہ قیمت 1300 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 56 ہزار 162 روپے پر جاپہنچی تھی۔دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 218 روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 7 ہزار 205 روپے پر پہنچ گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں