اڑان پاکستان پروگرام پر برق رفتار عملدرآمد ناگزیر، اشرف بھٹی
معاشی استحکام میں چھوٹے ، درمیانے مقامی کاروباروں کا کلیدی کردار، تاجررہنما انکی ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی ناگزیر، حکومت خصوصی پالیسی مرتب کرے ، بیان
لاہور(آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے پانچ سالہ پروگرام ‘‘اڑان پاکستان’’ پر برق رفتاری سے عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے والے مقامی کاروباروں کی ترقی کیلئے بھی باقاعدہ منصوبہ شروع کرے ، کیونکہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور برآمدات کے فروغ پر توجہ دینا خوش آئند ہے ، تاہم صرف برآمدی صنعتوں کو مراعات دینا کافی نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ چھوٹے کاروباروں، بالخصوص ایس ایم ایز، کیلئے خصوصی پالیسی مرتب کرے تاکہ انہیں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری موجودہ معاشی حالات میں شدید مشکلات کا شکار ہے ، جسے فوری ریلیف دینے کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔