ماربل انڈسٹری کا ویلیو ایڈیشن سے محروم ہونے کا انکشاف
سمیڈا کی شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیکر ایکشن پلان تیارکیاجائے ،بلال خان
کراچی(بزنس رپورٹر)فنانسنگ کے لیے قابل عمل ایس ایم ای پراجیکٹ پروفائلز اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن سے متعلق ہدفی پروگراموں کی عدم دستیابی کے باعث پاکستان کی ماربل اور گرینائیٹ کی صنعت ویلیو ایڈیشن سے محروم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اس بات کا انکشاف آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین بلال خان مہمند کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کو بھیجے گئے مکتوب میں کیا گیا۔
خط میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ماربل اور ڈائمنشن اسٹون سیکٹر میں محدود اور غیر مؤثر کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسوسی ایشن نے وزارت صنعت وپیداوار سے مطالبہ کیا کہ وہ سمیڈا کی شعبہ جاتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2025-2030 کے مطابق اس شعبے کی صنعت کیلئے ایک وقت مقررہ اور نتائج پر مبنی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایات جاری کرے۔