اسٹاک ایکسچینج : نئی تاریخ رقم : 1 لاکھ 85 ہزار کی حد بھی عبور
2653پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس پہلی بار 185062پر بند سرمایہ کاروں کو 230ارب منافع‘ 48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر) ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری اورمیوچل فنڈز کی سرمایہ کاری اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تاریخ ساز بنا گئی ۔ ریکارڈ تیزی کے تسلسل سے انڈیکس کی 1لاکھ 83ہزار، 1لاکھ 84ہزار اور 1لاکھ 85ہزار پوائنٹس کی تین نئی بلند ترین حدیں بھی رقم ہوگئیں ۔ریکارڈتیزی کے سبب 48فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 2کھرب 30ارب کا اضافہ ہوگیا۔
مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا تاہم جلد ہی آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیز میں یکدم پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 1226پوائنٹس کی مندی رونما ہونے سے بینچ مارک 100 انڈیکس یومیہ 1لاکھ 81 ہزار 182 پوائنٹس کی سطح تک ٹریڈ ہوا تاہم کمرشل بینکوں ، سیمنٹ اور ریفائنری سیکٹرز میں دوبارہ سرمایہ کاری کے باعث جاری مندی کے اثرات زائل ہوئے ،دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 3073پوائنٹس کی تیزی رونما ہوئی اور انڈیکس نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 2653.87پوائنٹس کے اضافے سے 185062.11 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 929.65 پوائنٹس کے اضافے سے 57080.05 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 1270.51پوائنٹس کے اضافے سے 110241.44 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 6فیصد کم رہا۔گزشتہ روز 1ارب 30کروڑ 60لاکھ 62ہزار 437حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 485 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 238 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 218 میں کمی اور 29 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔