ورلڈ کپ پر آئی سی سی کا کوئی الٹی میٹم نہیں ملا:بی سی بی
میچز منتقلی کی درخواست مسترد ہونے کی بھارتی خبریں بھی جھوٹ کا پلندہ
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے متعلق سکیورٹی اور سفر کے معاملات پر شائع رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے بنگلہ دیش کو بھارت جا کر کھیلنے یا پوائنٹس سے محرومی کی کوئی دھمکی نہیں دی گئی۔بی سی بی کے سینئر عہدیدار نے اس رپورٹ کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان کسی قسم کی ورچوئل میٹنگ نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق آئی سی سی نے صرف ایک ای میل کے ذریعے چند سوالات اٹھائے ہیں، جن کا تفصیلی جواب جلد دیا جائے گا جبکہ اس حوالے سے میڈیا ریلیز بھی جاری کی جائے گی۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے کسی قسم کی آخری تاریخ یا الٹی میٹم کا ذکر نہیں کیا گیا، بلکہ خط میں بنگلہ دیش کی مکمل شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔دوسری طرف آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کی میچز منتقلی کی درخواست مسترد کرنے کی بھارتی خبریں جھوٹ کا پلندہ نکلیں۔ بی سی بی نے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کے بارے میں دریافت کیا ہے ۔ وینیوز بھارت سے منتقل کرنے سے انکار کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ آئی سی سی نے بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کو یہ یقین بھی دلایا ہے کہ ایونٹ کے لیے تفصیلی حفاظتی منصوبہ بندی پر بھی پر غور کیا جائے گا۔