عسکری بینک اسلامی بینکاری کی راہ پر تیزی سے گامزن
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)عسکری بینک لمیٹڈ پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور جامع اسلامی مالیاتی نظام کے ذریعے مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور شریعت کے مطابق بینکاری کی جانب اپنی منتقلی کو مزید تیز کر رہا ہے۔۔۔
عسکری بینک کی تمام برانچز میں اب اسلامی بینکاری کی سہولت موجود ہے ۔ یہ اقدام اسٹیٹ بینک کے وژن 2028 اور وفاقی شرعی عدالت کی ہدایات کے عین مطابق ہے ، جو ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے قومی ایجنڈے کیلئے باعث تقویت ہے۔ عسکری بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسرضیاء اعجاز نے اس اہم سنگِ میل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ملک بھر میں ہماری برانچز کا نصف نیٹ ورک مکمل طور پر اسلامک ہو چکا ہے جبکہ باقی برانچز میں شریعت کے مطابق ڈپازٹ پروڈکٹس فراہم کرنے کیلئے خصوصی اسلامک بینکنگ ونڈوز قائم کی گئی ہیں۔ یہ کامیابی ہماری ٹیم کی انتھک محنت اور لگن کا مظہر ہے ۔ یہ پاکستان بھر میں صارفین کو مربوط اوراسلامی مالیاتی حل فراہم کرنے کے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے ۔عسکری بینک اسلامی بینکاری کو اپناتے ہوئے مالی شمولیت کے فروغ، پائیدار ترقی کے حصول اور پاکستان کی بدلتی ہوئی معاشی صورتحال میں اپنا حصہ ڈالنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔