نیپرا کو پاور ڈویژن کے ماتحت کرنیکی ترامیم، کراچی چیمبر کی مخالفت
مجوزہ ترامیم ریگولیٹری خودمختاری پر ضرب ، غیر جانبداری متاثر ہوگی، محمد رضا
کراچی(بزنس رپورٹر)قائم مقام صدر کراچی چیمبر محمد رضا نے نیپرا ایکٹ 1997 اور الیکٹرک پاور ایکٹ 1910میں مجوزہ ترامیم پر شدید تشویش اور سخت مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو پاور ڈویژن کے انتظامی کنٹرول میں دیا جا سکتا ہے ۔اخبارات میں شائع ہونے والی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے محمد رضا نے کہا کہ یہ مجوزہ ترامیم ریگولیٹری خودمختاری کی بنیاد پر ہی ضرب لگانے کے مترادف ہیں۔
جویوٹیلیٹی ریگولیشن میں شفافیت، پیش گوئی کے قابل فیصلوں اور ساکھ کو یقینی بنانے کے لیے ایک عالمی طور پر تسلیم شدہ اصول ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ نیپرا کو کسی انتظامی وزارت کے براہِ راست اثر و رسوخ میں دینے سے اس کی غیر جانبدارانہ، تکنیکی طور پر مضبوط اور لاگت کے حقیقی عکاس فیصلے کرنے کی صلاحیت متاثر ہوگی جس کے نتیجے میں پاکستان کے پاور سیکٹر کے گورننس فریم ورک پر اعتماد کمزور پڑ جائے گا۔