کوالٹی کاٹن کے بھاؤ تیز، فی من 500 روپے تک کا اضافہ
ٹیکسٹائل ملز کی خریداری میں دلچسپی، روئی فی من 16900 روپے تک پہنچ گئی
کراچی (این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران کوالٹی روئی کے بھاؤ میں فی من 300 تا 500 روپے کا اضافہ ہوا۔ ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کوالٹی کاٹن کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں کوالٹی کاٹن کا اسٹاک دن بدن کم ہوجانے کی وجہ سے جنرز زیادہ ریٹ مانگ رہے ہیں جس سے بھاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پھٹی کی آمد تقریباً بند ہوچکی ہے ۔ کاروباری حجم بھی محدود ہے ۔دوسری جانب ETPB نے ایف آئی اے کی مدد سے گزشتہ 13 دسمبر سے کراچی کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کو اپنی تحویل میں لے کر پوری بلڈنگ سیل کردی ہے ، بلڈنگ میں موجود 320 رجسٹرڈ کاٹن بروکرز کے بشمول 209 کاروباری دفاتر بھی سیل کردیئے گئے ہیں جس سے روزانہ ہونے والا کروڑوں روپے کا کاروبار بند پڑا ہوا ہے ، 320 کاٹن بروکرز اور دیگر TENENTS بے یار و مددگار ہوچکے ہیں جس سے تقریباً 5000 لوگ بے کار و بے روزگار ہوچکے ہیں۔ کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کے ایم سی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں اس کے خلاف دعوی کیا ہے کہ کے سی ای بلڈنگ کے ایم سی کی ملکیت ہے ۔ کے سی ای نے 2081 تک اس کی لیز کے ایم سی میں جمع کرائی ہوئی ہے ۔