دال،چائے اورگنے کی کاشت بڑھائی جائے ، شاہد عمران
درآمدات پر انحصار کم ، زمین کی زرخیزی بڑھے گی، کنوینر وفاقی چیمبر
لاہور (اے پی پی)وفاقی چیمبرکے فوڈ ریجنل کمیٹی کے کنوینر شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان زیادہ زرعی رقبہ دالوں،چائے ، سویابین اور گنے کی کاشت کیلئے استعمال کرکے بڑا زرمبادلہ بچا سکتا ہے ۔ فوڈ درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کے وفد سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کا فوڈ امپورٹ بل 3.075 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو 31.38 فیصد زیادہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ اضافہ چینی، خوردنی تیل اور چائے کی درآمدات میں اضافے کی وجہ سے ہوا ہے ۔ شاہد عمران نے کہا کہ دالوں کی پیداوار بڑھانے سے درآمدات پر انحصار کم اور زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اسی طرح شمالی اور پہاڑی علاقوں میں چائے کی کاشت درآمد شدہ چائے کی جگہ لے سکتی ہے جبکہ سویابین خوردنی تیل اور مویشیوں کے چارے کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گی، گنے کی پیداوار میں اضافہ بھی چینی کی درآمدات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔