اسٹاک ایکسچینج ،تیزی،انڈیکس177پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی (بزنس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو تیزی رہی ۔کے ایس ای 100انڈیکس میں 170 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،
اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن 39 ارب روپے اضافے 21 ہزار 185 ارب روپے ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سیشن مخصوص حد تک محدود رہا، انڈیکس 189,183.88 پوائنٹس کی بلند اور 188,179.50 پوائنٹس کی کم ترین سطح کے درمیان گردش کرتا رہا۔ یہ صورتحال کسی ٹھوس نئی پیش رفت کی عدم موجودگی میں سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کی نشاندہی کرتی ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 177.53 پوائنٹس یا 0.09 فیصد اضافے سے 188,380.38 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی تیز ی رہی ۔گزشتہ روز بازار حصص میں 95 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 48 ارب روپے رہی۔ مجموعی طور پر 485 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 182 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 253 میں کمی اور 50 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔