سٹاک ایکسچینج :3702 پوائنٹس مندی،395ارب خسارہ

سٹاک ایکسچینج :3702 پوائنٹس مندی،395ارب خسارہ

عالمی دباؤ ، بھاری لیویج ادائیگیاں اور امن و امان کی خراب صورتحال وجہ قرار

 کراچی(بزنس رپورٹر)عالمی دباؤ ، بھاری لیویج ادائیگیاں اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز شدید مندی کا رجحان دونوں ٹریڈنگ سیشنز میں غالب رہا جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 88ہزار، 1لاکھ 87ہزار، 1لاکھ 86ہزار، 1 لاکھ 85 ہزار ، 1 لاکھ 84 ہزار پوائنٹس کی پانچ سطح گرگئیں،انڈیکس یومیہ 1 لاکھ 83 ہزار 547 پوائنٹس کی نفسیاتی حد تک ٹریڈ ہوا ۔شدید مندی کے سبب 67 اعشاریہ 29 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کا 3کھرب 95ارب روپے سے زائدمنافع میں کم ہوا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس میں مقامی سطح پر امن و امان کی یکدم خراب صورتحال سے چار ہزار سے زائد پوائنٹس کی شدید مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں مذکورہ شدید مندی کی رفتا رمیں قدرے کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 3702 پوائنٹس کی کمی سے 184129 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1261 پوائنٹس کی کمی سے 56278 پوائنٹس، آل شیئرز انڈیکس 2087پوائنٹس کی کمی سے 110763پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 5380پوائنٹس کی کمی سے 579907پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 6اعشاریہ 8 فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز1ارب 27کروڑ 26لاکھ 41ہزار 652 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طو رپر 480 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 113 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،323 میں کمی اور 44 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں