چاندی 444، سونا 11ہزار 700روپے فی تولہ مزید مہنگا
تولہ سونا 5لاکھ 19ہزار 462، 10گرام 4لاکھ 45ہزار 354کا ہوگیا عالمی مارکیٹ میں سونا قیمت 117ڈالر بڑھی، چاندی 8ہزار 269کی ہوگئی
کراچی (کامرس رپورٹر)عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کے بعد سونا اور چاندی مزید مہنگے ہوگئے ہیں، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 11 ہزار 700 روپے اضافے سے 5 لاکھ 19 ہزار 462 روپے کی نئی سطح پر پہنچ گیا، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 10 ہزار 30 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 45 ہزار 354 روپے ہو گئی ہے ، مقامی سطح پر چاندی کی قیمت بھی اضافے سے مستثنیٰ نہ رہی، 24 قیراط فی تولہ چاندی 444 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 269 روپے کی سطح پرآ گئی۔ دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 117 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 967 ڈالر پر پہنچ گیا، عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات فوری طور پرمقامی صرافہ بازاروں میں منتقل ہوئے ۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیریقینی صورتحال، کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ اور محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے کے باعث سونے کی طلب بڑھ رہی ہے ، جس سے قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔