اسٹاک ایکسچینج تیزی سے عالمی معیار کی جانب گامزن
ریکارڈ کلائنٹس، 12 لسٹنگز متوقع، اے آئی ڈیٹا پر مبنی سسٹم متعارف ہوگا ورلڈ فیڈریشن کی رکنیت ، ٹی پلس ون سسٹم کامیاب رہا، فرخ ایچ سبزواری
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ایم ڈی فرخ ایچ سبزواری نے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی، ٹیکنالوجی میں جدت اورسرمایہ کاروں کے اعتماد سے متعلق میڈیا بریفنگ میں اہم اعلانات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسٹاک مارکیٹ تیزی سے جدید خطوط پر استوار ہو رہی ہے اور عالمی معیار کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہے ۔ سی ای او کے مطابق پی ایس ایکس میں کلائنٹس کی تعداد نے پہلی بار جنوری میں 23 ہزار 400 کی ریکارڈ سطح کو چھوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔ رواں سال12 نئی کمپنیوں کی لسٹنگ متوقع ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔
فرخ سبزواری کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج مینجمنٹ عنقریب ڈیٹا وینڈنگ کے نظام میں مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کرنے جا رہی ہے جو پہلی بار عالمی کمپنی کی مدد سے متعارف ہوگا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ڈھاکا اسٹاک ایکسچینج بھی پی ایس ایکس کے ٹریڈنگ سسٹم میں دلچسپی رکھتی ہے اور اسے اپنانا چاہتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایکس کو ایک اور بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ اسٹاک ایکسچینج ورلڈ فیڈریشن آف ایکسچینجز کا فل ایکٹو ممبر بن چکا ہے۔سی ای او نے حالیہ ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کے کامیاب نفاذ کو بھی اہم سنگ میل قرار دیا ۔ فرخ ایچ سبزواری نے مزید بتایا کہ پی ایس ایکس میں پہلی مرتبہ خواتین کیلئے سہولت اکاؤنٹ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔