پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اسٹاک ایکسچینج میں تقریب

 پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اسٹاک ایکسچینج میں تقریب

حکومتی و کاروباری شخصیات کی شرکت، شفاف عمل کو نجکاری کا نیا دورقرار حکومت کا کام کاروبار چلانا نہیں ، سہولت فراہم کرنا ہے ،مشیرنجکاری محمد علی

کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں قومی ائرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی ۔ وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔ تقریب کو سرمایہ کار برادری نے ملک میں نجکاری کے نئے دور کے آغاز کی علامت قرار دیا۔ چیف ایگزیکٹو پی ایس ایکس فرخ سبزواری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف انداز میں مکمل ہوئی،ہ جس وقت نجکاری کا عمل جاری تھا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج ٹی پلس ون سیٹلمنٹ سسٹم کے نفاذ میں مصروف تھی اور عالمی سرمایہ کار اس پیشرفت کو سراہ رہے ہیں۔انکے مطابق جے پی مورگن کے سرمایہ کاروں نے بڑی ٹرانزیکشنز کے حوالے سے سوال کیا تو جواب یہی تھا کہ پاکستان اب ٹی پلس ون پر منتقل ہونے والا دنیا کا ساتواں ملک بن چکا ہے۔

حالیہ تیزی میں مقامی میوچل فنڈز کی خریداری نے اہم کردار ادا کیا ۔اے کے ڈی گروپ کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ پی آئی اے سے بہتر نجکاری اس سے قبل کسی ریاستی ادارے کی نہیں ہوئی۔چیئرمین عارف حبیب گروپ عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کی 180 ارب روپے کی ڈیل ملکی تاریخ کی بڑی ٹرانزیکشن ہے اور اسکا جشن اسٹاک ایکسچینج میں منانا فطری تھا۔انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ ادائیگی کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھے ، تاہم سرمایہ کاروں نے 55 ارب روپے ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری محض ایک کمپنی کی فروخت نہیں بلکہ ملک کی سمت درست کرنے کا عمل ہے ۔حکومت کا کام کاروبار چلانا نہیں بلکہ نجی شعبے کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں