ٹیکسٹائل شعبہ کی برآمدات میں 1.24فیصد اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)ٹیکسٹائل شعبہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران 1.24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
اس دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 5.69 فیصد ، نیٹ ویئرز 2.14 فیصد، خیمہ جات ، ترپالوں اور کینوس کی برآمدات میں 2.19 جبکہ بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 2.70 فیصد اور خام روئی سمیت متفرق ٹیکسٹائل برآمدات میں 323.05 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2025 تا جنوری 2026 کے عرصہ سات ماہ کے دوران ٹیکسٹائلز کی مجموعی قومی برآمدات کا حجم 10.904 ارب ڈالر رہا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات سے 10.770 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں ٹیکسٹائلز کی مجموعی ملکی برآمدات میں 0.134 ارب ڈالر یعنی 1.24 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔