اسٹاک ایکسچینج:چوتھے روز کاروباری لین دین میں مثبت رجحان
100انڈیکس کی 6سطحیں بحال، 73.22فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا کاروبار کے آغاز سے اختتام تک اتارچڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ گرین زون میں رہی
کراچی (کامرس رپورٹر) عالمی اسٹاک مارکیٹس میں ریکوری ، آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے شیئرز کا بڑھنا اور بڑے مالیاتی اداروں کا لین دین کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بڑا سہارا دے دیا۔ دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100انڈیکس کی 1 لاکھ 56ہزار، 1لاکھ 57ہزار، 1لاکھ 58ہزار، 1لاکھ 59ہزار، 1لاکھ 60ہزار اور 1لاکھ 61ہزار پوائنٹس کی 6سطحیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 73.22فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور حصص کی مالیت میں بھی 5کھرب 79ارب 94کروڑ 29لاکھ 44ہزار 348روپے کا اضافہ ہوگیا۔ کاروبار کے آغاز سے اختتام تک اتارچڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ گرین زون میں رہی۔ کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس، پاور جنریشن ، فرٹیلائزر ، کیمیکل اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری سے ایک موقع پر 5699 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔
نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5433.46 پوائنٹس کے اضافے سے 161210.68پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 1890.99پوائنٹس کے اضافے سے 49781.74پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 3102.77 پوائنٹس کے اضافے سے 96097.29 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 10582.05 پوائنٹس کے اضافے سے 230597.11 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 16.25فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 72کروڑ 38لاکھ 79ہزار 788 حصص کے سودے ہوئے ۔ جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 478 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 350 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 78 کمپنیوں کے داموں میں کمی اور 50 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔