مہنگی بجلی، گیس بندش پر صنعتکاروں کو گہری تشویش
پیداواری لاگت میں اضافہ،صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونگی، عبدالرحمان فُدا
کراچی (بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالرحمان فُدا نے بجلی نرخوں میں حالیہ اضافے اور صنعتی شعبے کیلئے گیس کی دو روزہ بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ صدر عبدالرحمان فُدا نے بتایا کہ نیپرا گزشتہ سال دو مرتبہ بجلی کے نرخ بڑھا چکا ہے ۔جولائی تا ستمبر 2025 کیلئے 33 پیسے فی یونٹ اور اکتوبر تا دسمبر 2025 کیلئے 35 پیسے فی یونٹ اور اب نیپرا نے جنوری 2026 کیلئے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے )کے تحت مزید 1.6274 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے ذریعے تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک کو 14 ارب روپے اضافی وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔صنعتی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اس اضافے سے کے الیکٹرک کے صارفین پر بھاری مالی بوجھ پڑے گا، پیداواری لاگت بڑھے گی اور صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی نیت تو یہ ہے کہ صنعتوں کو مسابقتی نرخوں پر توانائی فراہم کی جائے مگر عملی طور پر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ۔