بڑے اضافے کے باوجود پٹرول، ڈیزل قلت پرڈیلرز کوتشویش
کئی پٹرول پمپوں پر سپلائی بند، ڈیلرز کا حکومت سے فوری مداخلت کرنے کا مطالبہ آئل کمپنیاں پہلے ہی سپلائی 50 فیصد کم کرچکیں، مزید کمی کے دعوے ہورہے
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ، ڈیلرز کے مطابق قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد بھی کئی پمپوں پر سپلائی متاثر ہے ، ڈیلرز کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پہلے ہی کوٹہ سسٹم کے تحت سپلائی میں 50 فیصد تک کمی کر دی تھی جبکہ اب مزید کمی کیے جانے کے دعوے سامنے آ رہے ہیں، جسکے باعث کئی پمپس پر پٹرول اور ڈیزل دستیاب نہیں، انکا کہنا ہے کہ طلب کے مقابلے میں سپلائی کم ہونے سے صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے ، پی پی ڈی اے کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کردار کا فوری آڈٹ اور انکوائری کی جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سپلائی میں کمی کے ذریعے کس نے کتنا منافع حاصل کیا، ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر اضافے کے بعد پٹرول پمپ مالکان پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑا ہے ، کیونکہ انہیں نئی قیمتوں پر زیادہ سرمائے کے ساتھ ایندھن خریدنا پڑ رہا ہے ، ڈیلرز کے مطابق ایک پٹرول پمپ کو پٹرول اور ڈیزل کی خریداری کے لیے اوسطاً تقریباً 3 کروڑ روپے اضافی سرمایہ درکار ہورہا ہے ، جسکے باعث چھوٹے پمپ مالکان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا۔پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپلائی اور قیمتوں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔