شفاعت علی کی حکومت کو ‘‘ورک فرام ہوم’’ کی تجویز
لاہور(شوبزڈیسک)پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے معروف میزبان اور کامیڈین شفاعت علی نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک متبادل تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو دفاتر کے نظام پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر پٹرول کی قیمت 321 روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہے تو اس سے بہتر حل یہ ہے کہ حکومت دفاتر کو عارضی طور پر بند کرکے کورونا وبا کے دوران رائج کی جانے والی ‘ورک فرام ہوم’ پالیسی کو دوبارہ نافذ کردے تاکہ لوگوں کو روزانہ سفر کے اخراجات سے کچھ ریلیف مل سکے ،ایک آدمی جس کی چالیس ہزار تنخواہ ہو وہ اپنا گردہ بیچ کر بھی سکول اور دفتر تک موٹر سائکل کا پٹرول پورا نہیں کر سکتا۔ایک لمحے میں پچپن روپے اضافہ ظلم ہے ۔ انہوں نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔